ریاض: (ش ن) سعودی کابینہ کے اجلاس میں شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کے نتائج اور سوڈان کی صورتحال زیر بحث آئی ہے۔ کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے۔
اجلاس میں غزہ میں جنگ بندی سے متعلق امن سربراہ اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اجلاس غزہ میں جنگ کا خاتمہ، مشرق وسطی میں سلامتی اور استحکام کی کوششوں کو تقویت دے گا۔
کابینہ نے فلسطینی عوام کے انسانی مصائب کو کم کرنے، مکمل اسرائیلی انخلا یقینی بنانے اور امن کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر بھی زور دیا۔
ان میں 1967 کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔ سوڈان میں فوری جنگ بندی، ملکی سالمیت، اداروں کے تحفظ اور مزید تباہی کو روکنے کےلیے مئی 2023 میں ہونے والے ’اعلان جدہ‘ کے مکمل نفاذ پر زور دیا گیا۔