کراچی (سمیر قریشی) بالآخر صوبہ سندھ کی پولیس کو بھی طبی سہولیات کے قابل سمجھ لیا گیا اور اوپر والوں کو سمجھ آگئی کہ صحت کی سہولیات پولیس والوں کے لیے بھی ضروری ہیں، ماضی میں کبھی یہ نہیں سوچا گیا بہرحال دیر آئید درست آئید۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ایک خط کے ذریعے تمام پولیس ملازمین کو ہیلتھ کارڈز جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے ،ان کے اس اقدام کو اگر سراہا نہ جائے تو یقیناً زیادتی ہوگی۔ ان کے جاری کیے گئے خط کے مطابق ہیلتھ کی سہولیات پولیس ملازمین اور ان کی فیملی کو فراہم کی جائیگی۔ کراچی کے تمام بڑے اسپتالوں میں ان کے لیے علاج کی سہولیات میسر ہونگیں یعنی اب پولیس افسران اور اہلکاروں کو علاج کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، پولیس کے تمام یونٹس کو فارمز جاری کیے گئے ہیں اس فارم کے ذریعے ملازمین اپنے کوائف لکھ کر جمع کرائیں گے اور انھیں فری سہولیات مل سکیں گی۔
واضح رہے کہ سندھ پولیس کا مورال ڈائون اور تنقید کا سامنا کرتا رہتا ہے، جس کی بہت سی وجوہات میں سرکار کی جانب سے سہولیات کا نہ ملنا بھی ہے، اگر سندھ رینجرز کی طرز پر پولیس ملازمین کے بچوں کو اسکولوں میں بھی پچاس فیصد ڈسکاونٹ فراہم کیا جائے تو ایک مثبت اقدام ہوگا۔