ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی وزارت حج و عمرہ کو مملکت میں موجود 76000 ایرانی حجاج کی بحفاظت واپسی تک تمام ممکنہ سہو لتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایران کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت میں موجود ایرانی حجاج کے حوالے سے درخواست کی تھی۔ مملکت میں موجود ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے اپنے ایکس اکاونٹ پر لکھا ‘ایرانی حجاج کے حوالےسے سعودی بھائیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں’۔
قبل ازیں انہوں نے سعودی عرب کے موقف کو سراہا جس میں مملکت کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے طاقت کے استعمال کو مسترد اور اختلافات کو حل کرنے کےلیے بات چیت کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
دوسری طرف فضائی حدود کی بندش کے باعث عراقی حجاج کی واپسی بری راستے سے ہوگی، عراقی حج مشن نے خطے کی غیر معمولی صورتحال باعث عراقی حجاج کو بری راستے سے واپس لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
عراقی ذمہ داران کا کہنا تھا غیریقینی صورتحال کی وجہ سے عراقی فضائی حدود کی بندش کے بعد مملکت میں موجود حجاج کو بحفاظت وطن لے جانے کے لیے بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے تاکہ انہیں عرعر چیک پوسٹ کے ذریعے عراق واپس لایا جائے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں جبکہ امارات کی فضائی کمپنیوں نے پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔