کراچی: بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات کے اعلان کے مطابق طوفان موکا جسے خطے میں ایک دہائی میں سب سے زیادہ طاقتور قرار دیا گیا ہے اتوار کو بنگلہ دیش اور برما کے ساحلوں تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موکا فی الحال بنگلہ دیش میں کاکس بازار کے ساحل اور برما کی سرحد پر ہے جو وہاں سے ممکنہ طور پر شمال- شمال مشرق کی طرف بڑھے گا اور بالآخر آج سہ پہر کاکس بازار اور شمالی برما کے ساحلوں کو عبور کرے گا۔
بنگلہ دیشی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے مرکز کے گرد 75 کلومیٹر کے دائرے میں ہوا کی رفتار تقریباً 195 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، آندھی اور طوفان کی رفتار تقریباً 215 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ ’زوم ارتھ‘ سینٹر کے مطابق یہ طوفان انتہائی شدید سمندری طوفانوں میں شامل ہے۔
امریکن ہریکین سینٹر نے کہا تھا کہ ‘موکا’ خلیج بنگال میں بنگلہ دیش اور برما کے ساحلوں کے قریب پہنچتے ہی پانچویں کیٹیگری میں تبدیل ہو گیا ہے۔