کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے جشن آزادی کے موقع پر ”لیٹس گرین کراچی“ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یوم آزادی کے دن شاہراہ فیصل پر پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے جشن آزادی منانے اور عوام میں پودے تقسیم کرنے کے لئے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے شاہراہ فیصل پر پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، پارلیمانی لیڈر بلال غفار، اراکین اسمبلی فہیم خان، آفتاب جہانگیر، جے پرکاش، صائمہ ندیم، شہزاد قریشی، سدرہ عمران، ڈاکٹر سیما ضیاء، علی عزیز جی جی، پی ٹی آئی رہنما عدنان اسماعیل، سمیر میر شیخ، فضہ ذیشان، ارم بٹ، اسد امان، گوہر خٹک سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہر سال ہم جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔ ہم نے اس جشن میں وزیراعظم کے مشن کوبھی شامل کیا ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر دیگر صوبے میں درخت لگائے جارہے ہیں، ہم نے اسی مہم کو مدنظر رکھتے ہوئے لیٹس گرین کراچی کی مہم کا آغاز کیا ہے۔ ہم نے آج عوام میں پودے تقسیم کیے،ہم یہ پودے بچوں کے اسکولوں سمیت دیگر مقامات پربھی تقسیم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم شہریوں سے درخواست کرتے ہیں کہ گلوبل وارمنگ کے مسائل سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں۔ میں اس مہم میں کراچی کے عوام سے حصہ لینے کی دعوت دیتا ہوں۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں کو 75واں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہم ہر شہری سے کیمپ پر آنے کی درخواست کرتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں شہری درخت لیکر جائیں اور اپنے گھروں میں لگائیں۔ اس درخت کی حفاظت ایسے کی جائے جیسے لوگ اپنے بچوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرتضیٰ وہاب ایک لاکھ کھجور کے درخت لگائیں، درخت لگائیں گے تو معلوم ہوگا کہ ایڈمنسٹریٹر کتنے قابل ہیں۔ ہم اپنے شہر کو گرین کراچی بنائیں گے۔ پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی بلال غفار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج یوم آزادی کے موقع پر پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آج ہمیں اپنے شہیدوں کو نہیں بھولنا۔کراچی کی قیادت کو ”لیٹس گرین کراچی“ مہم کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عوام پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا کریں۔ وزیر اعظم ملک کو ترقی کی راہ پر لے جا رہے ہیں۔ قوم سے درخواست کرتے ہیں عمران خان کیلئے بھی دعا کرتے ہیں۔پی ٹی آئی شعبہ خواتین کراچی کی صدر فضہ ذیشان نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر کراچی کو سرسبز و شاداب بنائیں گے، ایڈمنسٹریٹر کو کراچی میں درخت لگانے چاہیے۔ پوری دنیا گلوبل وارمنگ پر کام کررہے ہیں،ہمیں بھی آگے بڑھنا ہوگا۔ گلوبل وارمنگ کیلئے کراچی کے عوام کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ مہم کا مقصد کراچی کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا ہے۔ وومن ونگ اس مہم میں اپنا بہترین کردار ادا کررہی ہے۔