لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک کی بندش کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔ ایڈوکیٹ ندیم سرور نے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ متفرق درخواست دائر کردی۔
درخواست میں وفاقی حکومت اور پی ٹی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ ندیم ایڈوکیٹ نے درخواست میں موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک نوجوان نسل کے لیے تباہ کن ہے۔ ٹک ٹاک سے وقت اور پیسے کے ضیاع کے ساتھ فحاشی عام ہو رہی ہے۔ ٹک ٹاک سے بلیک میلنگ اور ہراسگی کا عنصر بڑھ رہا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ پی ٹی اے کو ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کا حکم دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ٹک ٹاک ویڈیو کو نشر کرنے سے روکا جائے۔