کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز میں تدریسی عمل منگل 15 جون سے شروع کردیا جائے گا۔ جبکہ صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کی بہتر رہی تو پرائمری تا پانچویں تک کی کلاسز میں تدریسی عمل 21 جون سے شروع کردیا جائے گا۔
سندھ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں سعید غنی نے کہا کہ اس وقت گو کہ کراچی اور حیدرآباد میں کرونا متاثرین کی تعداد 5 فیصد سے زائد ہے تاہم جس تیزی سے ویکسینیشن کا عمل جاری ہے اس سے صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔
انہوں نے کہا ہم نے گذشتہ ہفتہ کلاس نویں تا انٹر تک تدریسی عمل شروع کردیا ہے اور انشاءاللہ منگل 15 جون سے کلاس چھٹی تا آٹھویں تک تدریسی عمل کا آغاز کردیا جائے گا جبکہ ایک ہفتہ تک صورتحال کا مزید جائزہ لے کر 21 جون سے تمام چھوٹی کلاسز میں بھی تدریسی عمل کا آغاز کیا جائے گا۔
سعید غنی نے کہا کہ اس دوران تمام کلاسز میں ایس او پیز کے تحت حاضری کا تناسب 50 فیصد ہوگا جبکہ اسکولز کے تمام عملے کا ویکسینیشن کروانا لازمی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پیر کے روز وزیر اعلٰی سندھ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔