اسلام آباد، قومی اقلیتی کمیشن کا پہلا اجلاس چیئرمین چیلا رام کیولانی کی زیر صدارت مذہبی امور میں منعقد ہوا اور وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سمیت متعدد اقلیتی ارکان اسمبلی و سینٹ نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس کے موقع پر وزیر مذہبی امور پیرڈاکٹر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ آٓئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے اور بحثیت مسلمان میرا دین اور مذہب بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا حکم دیتا ہے۔ کمیشن کا قیام ایک دیرینہ مطالبہ تھا جو موجودہ حکومت نے پورا کیا اور ہمسایہ ملک میں اقلیتوں کے حقوق کی حالت انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مسلم آبادی کے ساتھ بھارتی ظلم و ستم کی نظیر نہیں ملتی اور اقلیتی کمیشن ان مظالم اور نا انصافیوں کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرے گا۔
اجلاس چیئرمین چیلا رام کیولانی کی صدارت ہوا اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی کمیشن میں مسلم نمائندوں کی شمولیت خوش آئند ہے اور پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے پیروکار سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔ ہندوستان کے برعکس پاکستان اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرینگے۔ اجلاس میں قبلہ ایاز نے کہا کہ اقلیتی کمیشن کا چیئرمین اور تمام ممبران بہترین شہرت کے مالک ہیں اور اجلاس میں شریک ارکان اسمبلی اور کمیشن ارکان کا وزیراعظم پاکستان کو زبردست خراج تحسین کیا۔