سرگودھا: وزیراعظم عمران خان نے سرگودھا میں ہاوَسنگ اسکیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعظم کو ہاوَسنگ اسکیم منصوبے پر بریفنگ دی گئی اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
ضلع سرگودھا میں 6 مقامات پر 3 مرلہ کے کل 1,175 گھر بنائے جائیں گے۔ حکومت پنجاب اس منصوبے کے لیے زمین مہیا کرے گی اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی۔ تعمیراتی کام فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ بینک آف پنجاب مارٹگیج کی سہولت کا ذمہ لے گی جس کی بدولت مستحق افراد گھر کی کل قیمت آسان اقساط میں ادا کر سکیں گے۔
اس منصوبے میں گھروں کی آلاٹمنٹ کے لیے نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی مستحق افراد میں قرہ اندازی کے ذریعے گھر الاٹ کرے گی۔ اس منصوبے کے لیے 33,528 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ اس منصوبے سے غریب طبقے کا اپنے گھر کا خواب پورا ہوگا اور کم لاگت ہاؤسنگ منصوبہ غریبوں کے لئے بنایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی کاوشوں سےاس منصوبے کو حتمی شکل ملی اور شکایات ہیں کہ بینکوں میں لوگوں کو فارم نہیں مل رہے۔ بینک صحیح کردار ادا کریں تو معاشی انقلاب آجائے گا۔ کراچی کے 40 فیصد لوگ کچی آبادی میں رہتے ہیں۔