کے یو جے کا آج ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ

0
58

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے گلستان جوہر میں آج ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر حملے اور اس میں کیمرہ مین شہادت بلوچ کے زخمی ہونے کے واقعے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ واقعے کی ذمے دار ضلعی انتظامیہ اور علاقہ پولیس ہے، شرپسندوں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ اور پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی امن و امان برقرار رکھنے میں ناکامی پر کارروائی کی جائے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی اور جنرل سیکریٹری لیاقت علی رانا سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گلستان جوہر میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران آج ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر حملہ ناقابل برداشت ہے یہ کوئی اچانک ہونے والا آپریشن نہیں تھا اس آپریشن کے لیے متعلقہ ادارے نے ضلعی انتظامیہ اور علاقہ پولیس کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔ آج ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر قبضہ مافیا کے حملے کے وقت ضلعی انتظامیہ، کے ڈی اے کا عملہ اور علاقہ پولیس موقع سے فرار ہوگئی تھی جس سے شرپسندوں کو میڈیا کو نشانہ بنانے کا موقع ملا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہئیں کہ آخر قبضہ مافیا کو نیوز چینلز کی ڈی ایس این جی وینز پر حملہ کرنے کا موقع کیسے ملا؟ کیا اس کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی تھی؟ اور کیا ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران و اہلکار بھی اس کا حصہ تھے؟۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گلستان جوہر میں جو کچھ ہوا وہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کی نااہلی کا نتیجہ ہے اور اس سے سازش کی بو آتی ہے ایک معمولی آپریشن کی ناکامی سے لگتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران و اہلکار قبضہ مافیا سے ملے ہوئے تھے اور انہیں امن و امان خراب کرنے اور آج ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر حملہ کرنے کا مکمل موقع دیا گیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں