اسلام آباد: اینکر پرسن نعمان نیاز کی جانب سے شعیب اختر سے غیر مشروط معافی مانگنے کے بعد صلح بھی ہوگئی۔
سرکاری ٹی وی کے اینکر پرسن نعمان نیاز اور سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کے درمیان صلح ہوگئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کی صلح کرائی، فواد چوہدری نے دونوں کو اپنے گھر بلا کر معاملہ حل کرایا۔
نعمان نیاز نے اس موقع پر کہا کہ شعیب مجھے افسوس ہے ٹی وی پر جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ یاد رہے کہ نعمان نیاز نے ایک لائیو پروگرام میں شعیب اختر سے بدتمیزی کی تھی۔
شعیب اختر نے کہا کہ نعمان نیاز اسی وقت معافی مانگ لیتے تو بات اتنی آگے نہ جاتی، معاملہ حل ہوگیا ہے، اور میں نے نعمان کو اسی روز معاف کر دیا تھا۔
شعیب کا کہنا تھا کہ اس بات پر سب کا اتفاق ہے کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا وہ درست نہیں تھا، واقعے کے بعد عوام کی جانب سے ملنے والے پیار پر میں شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شعیب اختر نے بتایا کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وہ ایم ڈی پی ٹی وی سے بات کر کے میرے خلاف ہرجانے کا نوٹس واپس کروا دیں گے۔