لاہور: معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج یوم شہدائے کشمیرکے موقع پر ان کشمیری بہن بھائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے آج تک اس جذبے کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بن کر عالمی دنیا میں ان کے حقوق کی آواز بلند کی ہے۔کشمیر کی انتخابی مہم میں اپوزیشن غیرذمہ دارانہ بیانات دے کر کشمیر کے حساس مسئلے کو متاثر کر رہی ہے جبکہ اپنے دور اقتدار میں اپوزیشن لیڈروں نے کسی کشمیری کی داد رسی نہیں کی۔
ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج لارنس روڈ پرتعمیر کئے گئے بارشی پانی کے ٹینک کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا شیخ امتیازمحمود اور ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عالمی دنیا میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ نادان اپوزیشن کو اس وقت کشمیر کی وادیوں میں مودی کی فوج کو للکارنا چاہیے جو مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں مگر ان کی توپوں کا رُخ اپنی فوج کی طرف ہے۔ جو کام مودی کرتا ہے وہ ن لیگ اور پی پی پی کی قیادت کر رہی ہے۔ن لیگ کی قیادت قومی سلامتی کے اداروں پر تنقیدکرکے کشمیر کے مسئلے کو متاثر کر رہی ہے۔ اپوزیشن کشمیریوں کی شہ رگ پر پاؤں رکھ کر اپنے مقدمات میں ریلیف لینا چاہتی ہے۔ کشمیریوں کا سہارا لے کر خود کو بچانے کی ناکام کوشش نہ کریں۔
معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت لاہوریوں کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے پرعزم ہے اور مون سون کی بارشوں سے نبٹنے کیلئے واسا لاہور کی ٹیمیں متحرک ہیں۔گزشتہ روز کی بارش کے بعد شہریوں کو کشتیاں لے کر باہر نہیں نکلناپڑا اورنہ ہی کسی کولمبے بوٹ پہن شوبازی اور اداکاری کرنا پڑی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لارنس روڈ پر 14لاکھ گیلن پانی جمع کرنے کیلئے ٹینک فنکشنل ہے جس کی بدولت عوام کوآمدورفت کے مسائل کا سامنا نہیں کرناپڑا۔ کشمیر روڈ پر 15لاکھ گیلن پانی جمع کرنے کیلئے ٹینک فنکشنل ہونے کے قریب ہے۔