ٹھٹھہ: دھابیجی میں قائم امریلی اسٹیل کی سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی جاری ہے اور امریلی اسٹیل میں سیفٹی قوانین غیر معیاری ہونے کے باعث ملازمین کی بے دردی سے حادثاتی موت ہونے لگی۔
گزشتہ روز امریلی اسٹیل میں پنجاب کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والا مزدور خالد حسین سیفٹی قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے لاوا پھٹنے سے بیدردی سے جل کر اپنی جان کی بازی ہار گیا اور اس کی لاش دیکھنے کے قابل نہ رہی۔
امریلی اسٹیل مل کی انتظامیہ نے غیر انسانی رویہ اپناتے ہوئے اس حادثے سے بچنے کیلئے خالد حسین کی میت کو ایئر ایمبولینس میں اسٹاف کے ساتھ بھیجنے کے بجائے اس کی بیوی اور تین بچوں سمیت بے یارو مددگار ایمبولینس میں بٹھا کر کراچی سے لاہور روانہ کردیا۔ کراچی سے لاہور کا تقریباً بیس گھنٹے کا سفر تھا اور طویل سفر کے باعث خالد حسین کی لاش راستے میں ہی خراب ہوگئی۔
یاد رہے کہ امریلی اسٹیل مل میں لاوا پھٹنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں جس سے کئی مزدور اپنی جان کی بازی ہار رہے ہیں اور 2019 میں بھی امریلی اسٹیل میں لاوا پھٹا تھا جس کہ وجہ سے 2 مزدور جل کر جانبحق ہوگئے تھے۔