کراچی: ایئرپورٹ سے دبئی جانے والا غریب پاکستانی مسافر غیر ملکی ایرلائن ایر عربیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سفر کرنے سے رہ گیا۔ جبکہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے طاقتور غیر ملکی ایر لائن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
پی اے اے حکام کا بتانا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ائرلائن ایر عربیہ کی غلطی سے پاکستانی مسافر آف لوڈ ہوگیا۔ آف لوڈ ہونے والا مسافر ان پڑھ اور مزدور ہے۔

نجی ایرلائن ایر بلو کا مسافر جسے کراچی سے دبئی جانا تھا غلطی سے ایر عربیہ کے بریفنگ کاونٹر پر چلا گیا۔ ایر عربیہ کے عملے نے عارف علی نامی ایر بلو کے مسافر کا ٹکٹ دیکھے اسے بغیر بورڈنگ کارڈ جاری کر دیا۔ ایر بلو کا مسافر عارف علی ایر عربیہ کا بورڈنگ کارڈ لے کر اور ایمی گریشن کرا کر ڈپارچر لاونچ میں چلا گیا۔
ایر عربیہ کی پرواز نمبر 547 شارجہ جا رہی تھی۔ کچھ دیر بعد ایر عربیہ کا اصل مسافر عارف علی بھی آگیا۔ تب ایر عربیہ کو غلطی کا احساس ہوا۔ جس پر ایر عربیہ کے عملے نے ایر بلو کے مسافر عارف علی سے بورڈنگ کارڈ لے کر اسے واپس بھیج دیا۔
پی اے اے حکام کے مطابق دو ایک جیسے نام کے مسافروں سے ائرلائن عملے سے غلطی ہوئی۔ اس دوران مسافر عارف علی کی ایربلو کی دبئی جانے والی پرواز کی بورڈنگ مکمل ہو گئی اور پرواز کلوز کر دی گئی۔ فلائٹ کلوز ہونے کی وجہ ایر بلو نے اپنے مسافر عارف علی کو لینے سے انکار کر دیا اور اسے آف لوڈ کر دیا۔ اور ایئر بلو کی دبئی کی پرواز پی اے 110 مسافر عارف علی کو چھوڑ کر چلی گئی۔
ایرپورٹ حکام کے مطابق عارف علی ان پڑھ اور غریب مزدور ہے۔ اس کے پاس دوسرا ٹکٹ لینے کے پیسے بھی نہیں تھے۔