لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے آزاد ریاست جمون وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ملاقات کی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر اور وہاں کے عوام کی ترقی کے لئے کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور ان کی ٹیم نے کورونا وبا سے عوام کو بچانے کے جس محنت اور جذبے سے کام کیا، وہ لائق تحسین ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پر ایک بار پھر اپنے اعتماد کا اظہار کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایل او سی کے دونوں طرف کے کشمیری پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اپنا حقیقی ترجمان، کشمیریوں کے مفادات اور نظریے کا امین سمجھتے ہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حق استصواب رائے کے حصول اور آزادی تک ان کے شانہ بہ شانہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے پارٹی صدر کو آزاد جموں و کشمیر کے بجٹ اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پارٹی صدر کو آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کی صورتحال کے بارے میں بتایا وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے انتخابات میں پارٹی امیدواروں سے متعلق امور پر بھی پارٹی صدر سے تبادلہ خیال کیا۔