کراچی: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی فیڈرل ایگزیکٹیو کونسل (ایف ای سی) کا سہ روزہ اجلاس جمعہ سے کراچی یونین آف جرنلسٹس کی میزبانی میں کراچی پریس کلب میں ہوگا۔ جس میں ملک میں صحافی برادری اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل کا جائزہ اور ممکنہ حل کا تعین کیا جائے گا۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل ایگزیکٹیو کونسل نے اپنے اجلاس میں میڈیا اور آزادی اظہار رائے کو دبانے کے لیے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل جیسے سخت قوانین اور الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) 2016 میں ترامیم جیسے کالے قوانین پر غور کو ترجیحاً سرفہرست رکھا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے کالے قوانین کو مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جاسکے۔
ایف ای سی اجلاس میں صحافیوں کے 8 ویں ویج ایوارڈ پر فوری عملدرآمد کے لئے لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا جبکہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کی برطرفی، کوویڈ اور مالیاتی بحران کے دوران تنخواہوں میں کی گئی کٹوتیوں کی بحالی، میڈیا ہاؤسز کی انتظامیہ کی طرف سے صحافیوں کو تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی میں تاخیر اور انکار جیسے مسائل بھی زیر بحث آئیں گے۔
ایف ای سی میں ممکنہ طور پر قوانین کی بہتری، میڈیا انڈسٹری کی بحالی اور اشتہارات کی پالیسی کے علاوہ میڈیا ورکرز کے حالات کار پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) کی میٹنگ طلب کرنے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ اجلاس اتوار کو ایف ای سی کے مشترکہ اعلامیہ کے اجرا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔