کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ سی آر اے کی نئی کابینہ کرائم رپورٹرز کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے گی۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سی آر اے کے انتخابات میں جرنلسٹس پینل کے امیدوار راو عمران صدر اور یونائٹیڈ پینل کے امیدوار طحہ عبیدی بلامقابلہ سیکریٹری منتخب ہوئے ہیں جبکہ یونائیٹید پینل کے عامر مجید نائب صدر، سلمان لودھی خازن، خرم گلزار انفارمیشن سیکریٹری اور جرنلسٹس پینل کے مونس سراج جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہوئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سی آر اے کا کرائم رپورٹرز کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل میں ایک نمایاں کردار رہا ہے اور کم وقت میں سی آر اے ایک مضبوط اور فعال تنظیم کے طور پر سامنے آئی ہے امید ہے کہ مستقبل میں بھی سی آر اے اسی طرح اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔