کراچی: محکمہ صحت ڈسٹرکٹ کندھ کوٹ کشمور کے افسران پی پی رہنماء کے فارم ہائوس پر شراب کی محفل میں مصروف ہیں۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے وڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وڈیو میں ڈی ایچ او کندھ کوٹ کشمور، ایم ایس، سابق ایم ایس ماہر ڈاکٹر شراب پیتے نظر آرہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے وزیرصحت سندھ سے استعفیٰ اور متعلقہ افسران کو ہٹاکر کاروائی کا مطالبہ کیا ہے اور حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عوام کی صحت کا بجٹ افسران اپنی صحت پر خرچ کررہے ہیں۔ کندھ کوٹ میں پیپلزپارٹی رہنماء کے فارم ہائوس پر ڈی ایچ او کندھ کوٹ کشمور، ایم ایس، سابق ایم ایس ماہر ڈاکٹر عوام کی خدمت کے بعد شراب کی محفل میں مگن ہیں۔ افسوس سندھ کی صحت کا حال تباہ ہوچکا ہے مگر وزراء اور افسران کی عیاشیاں ختم نہیں ہورہی ہیں اور وفاق سے پیسے لیکر سندھ کے حکمران اور افسران عیاشیوں پر خرچ کرتے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ سندھ میں محکمہ صحت خاندانی غلامی میں مصروف ہے اور سندھ کی عوام کو لاشوں اور زخمیوں کے لیے ایمبولینس تک مہیا نہیں کی جاتی۔ سندھ میں پیپلزپارٹی کو ہی نہیں ان عیاش اور کرپٹ افسران کو بھی گھر بھجیں گے۔