جدہ (ش ن) اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان تمام ممالک کی تعریف کی ہے، جنہوں نے اس معاہدے تک پہنچنے کے لیے دونوں فریقوں کو ثالثی کی مخلصانہ کوششیں کیں۔
او آئی سی سیکرٹریٹ کے مطابق جنرل سیکرٹریٹ نے بین الاقوامی برادری سے کوششوں کو تیز کرنے اور پاکستان اور بھارت کو جموں و کشمیر کے تنازعہ سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو پرامن طریقے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے تعمیری بات چیت میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں متعدد مقامات پر کیے گئے بلا جواز حملوں سمیت جنوبی ایشیا کے خطے میں فوجی کشیدگی پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جنرل سیکرٹریٹ نے جموں و کشمیر کے مسئلے کے پرامن حل کے لیے اپنے اصولی موقف کی بھی توثیق کی، جو جنوبی ایشیاء میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بناتا ہے اور اسے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ بننے سے روکتا ہے۔