کراچی: شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں 9 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جانے لگی، لوڈشیڈںگ والے علاقوں میں بجلی کی بندش میں مزید چار گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا۔ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی ہے، لوڈ شیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں دن میں 4 بار ایک سے 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
لوڈشیڈنگ سے لائنز ایریا، لیاقت آباد، اتحاد ٹاؤن، میانوالی کالونی، گلستان جوہر، نارتھ کراچی متاثر ہیں، شادمان، سر سید ٹاؤن قصبہ کالونی، بلدیہ، تیسر ٹاون، منگھو پیر، سرجانی کےعلاقے بھی متاثر ہیں۔ دوسری طرف ملیر سٹی، رفیع گارڈن، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلشن ویو اپارٹمنٹ، چیپل گارڈن، گلزار ہجری، اسکیم 33، کورنگی، لانڈھی متاثر ہیں، پہلوان گوٹھ، شاہ فیصل، ملیر، میمن گوٹھ، ملت ٹاؤن، کالا بورڈ، سعود آباد سمیت دیگرعلاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کے الیکٹرک کو مجموعی طور پر 300 سے 400 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، کے الیکٹرک کا نیا بن قاسم پاور پلانٹ نمبر 3 ایک سال تاخیر کے بعد بھی غیر فعال ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے باعٹ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کے الیکٹرک نے 950 میگاواٹ سسٹم میں شامل کرنے کا دعوی کیا تھا تاحال بجلی سسٹم میں شامل نہیں کی گئی۔