تحریر: سید بدر سعید
لاہور کے 11 ٹریفک وارڈن پی ایچ ڈی اور 150 ایم فل ہیں۔ اب ایک اور ٹریفک وارڈن نے پی ایچ ڈی کرلی ہے۔ قصور سے تعلق رکھنے والے رضوان مسعود نے اردو کے مضمون میں یہ ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ دوران ملازمت پی ایچ ڈی کرنے والے گیارہویں ٹریفک وارڈن ہیں۔
لاہور سٹی ٹریفک پولیس شاید ملک کی سب سے زیادہ تعلیم والی فورس ہے۔ 3100 وارڈنز میں سے 150 ایم فل ڈگری اور 11 ڈاکٹریٹ ڈگری ہولڈرز ہیں، 80 فیصد وارڈنز مخلتف مضامین میں ماسٹرز کئے ہوئے ہیں۔ ان میں فرانزک سائنس، مالیکیولر بیالوجی، انگلش، قانون، اکنامکس، ریاضی، کرمنالوجی، انٹرنیشنل ریلیشنز شامل ہیں۔
ہماری بدقسمتی ہے کہ یہاں اساتذہ کے لیے مراعات بہت کم ہیں۔ ایک اٹھارہ گریڈ کے یونیورسٹی لیکچرر کی نسبت 17 گریڈ کے ایڈمنسٹریٹر کی مراعات میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ہمارے مہربان دوست الطاف قمر صاحب ٹریفک پولیس میں 2005 سے 2008 تک ایڈیشنل آئی جی ٹریفک رہے اور انہوں نے یہ پروجیکٹ ڈیزائن کیا تھا۔ اس میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو بھرتی کیا گیا۔ اگر ہمارا تعلیمی نظام بہتر ہوتا، اساتذہ کو حکومت کی جانب سے سہولیات، مراعات اور عزت دی جاتی۔ عوامی سطح پر ان کو پروٹوکول ملتا۔ ملک میں ریسرچ کی اہمیت ہوتی تو کم از ان اعلی تعلیم یافتہ لوگوں کو سڑکوں پر کھڑا رکھنے کی بجائے ان کی تعلیمی قابلیت ملک و قوم کے کام آ رہی ہوتی۔