کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان نواب جام کمال خان نے سینٹرل پولیس آفس بلوچستان کوئٹہ میں جدید ڈیٹا کمانڈ اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کا افتتاح کردیا ہے۔
وزیر اعلی نے سمارٹ پولیس سٹیشن، وومن سمارٹ پولیس سٹیشن اور پولیس سیٹلائٹ موبائل خدمت مرکز کا بھی افتتاح کیا۔
تقریب میں صوبائی وزراء ظہور احمد بلیدی، میر سلیم احمد کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹریز محترمہ بشریٰ رند، مبین خان خلجی، ایم پی اے خلیل جارج، وزیر اعلی کے لائزن اسٹنٹ پرنس احمد علی بلوچ، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا اورآئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جدید سسٹم سے پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کا نظام بہتر کیا جا سکے گا۔۔ نفری، جرائم، تفتیش، سیکورٹی، پروفالنگ، انسپکشن،ڈسپلن اور پولیس سٹیشن کے ریکارڈ کی بہتر مینجمنٹ کی جا سکے گی۔ جدید ڈیٹا سسٹم کے ذریعے مجرموں اور جرائم کے پورے ڈیٹا کو ریکارڈ کیا جا سکے گا۔ جدید ڈیٹا اینڈ کمانڈ سینٹر کے ذریعے کرمنلز ریکارڈ آئیڈیٹیفکیشن ممکن ہو گا۔ اس نظام سے ہوٹلوں میں رہائشی افراد اور مسافروں کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جا سکے گا۔ کرایہ داران کا اندراج اور ان کی شناخت میں مذکورہ نظام سے مدد ملے گی۔ انٹیگریٹڈ کمیونیکیشن سسٹم کے ذریعے ہر تھانے کا ڈیٹا دستیاب ہوگا۔ سیٹلائٹ موبائل پولیس خدمت مرکز اور ڈیجیٹل سرویلینس میکنزم کو مزید بہتر کیا جا سکے گا اور پانچ مزید سیٹلائٹ پولیس موبائل خدمت مرکز قائم کئے جائیں گے۔ 29 اضلاع میں سرویلنس سسٹم کا آغاز کیا جائے گا اور کوئٹہ کی سیکیورٹی کے لیے موثر اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعلی بلوچستان نے ڈیٹا اینڈ کمانڈ سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ اور معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا کمانڈ اینڈ کمیونیکیشن سینٹر نہایت ہی اہم سسٹم ہے اور یہ سسٹم جدید پولیسنگ کی جانب اہم قدم ہے۔ پولیس کی ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اچھی پالیسی، حکمت عملی اور میکینزم کے ذریعے جرائم میں کمی لائی جاسکتی ہے اور بلوچستان پولیس اب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم پیشہ افراد کا سراغ لگائے گی۔ عوام کو پولیس اسٹیشنز میں معیاری سروس ڈیلیوری کے لیے جامع اقدامات کر رہے ہیں۔ موثر اور بہتر اقدامات سے امن و امان کی صورت حال بہتر ہو گی۔
وزیراعلی کی جدید سسٹم کی لانچنگ پر آئی جی پولیس بلوچستان اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔