9 مئی کا دن سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائے گا، سہولت کار’ منصوبہ سازوں سمیت بلوائیوں کی شناخت کر لی گئی ہے، ترجمان پاک فوج

0
91

راولپنڈی: آئی ایس پی آر کی جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نیب کے علامیہ کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا۔ اس گرفتاری کے فوراً بعد ایک منظم طریقے سے پاک آرمی کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کروائی گئی۔ ایک طرف تو یہ شر پسند عناصر عوامی جزبات کو اپنے محدود اور خود غرض مقاصد کی تکمیل کیلئے بھرپور طور پر ابھارتے ہیں اور دوسری طرف لوگوں کی آنکھوں میں دھول ڈالتے ہوئے ملک کیلئے فوج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے نہیں تھکتے جو کہ دوغلے پن کی مثال ہے۔ جو کام ملک کے ابدی دشمن پجھتر سال نہ کرسکے وہ اقتدار کی حوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دیکھایا ہے۔

فوج نے انتہائی تحمل، بردباری اور ریسٹرینٹ کا مظاہرہ کیا اور اپنی ساکھ کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں انتہائی صبر اور برداشت سے کام لیا۔ مذموم منصوبہ بندی کے تحت پیدا کی گئی اِس صورتحال سے یہ گھناونی کوشش کی گئی کے آرمی اپنا فوری ردِ عمل دے، جس کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیئے استعمال کیا جا سکے۔ پاک آرمی کے میچور رسپانس نے اس سازش کو ناکام بنا دیا اور ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ اس کے پیچھے پارٹی کی چند شر پسند لیڈر شپ کے احکامات، ہدایات اور مکمل پیشگی منصوبہ بندی تھی اور ہے۔

جو سہولت کار، منصوبہ ساز اور سیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی اور یہ تمام شر پسند عناصر اب نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے۔

فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائے گا۔ جس کی مکمل ذمہ داری اسی ٹولے پر ہوگی جو پاکستان کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے اور برملہ و متعدد بار اس کا اظہار بھی کرچکا ہے، کسی کو بھی عوام کو اکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں