کراچی: جزیرہ بدو’ کراچی کے ساحل کے قریب بحیرہ عرب میں ایک چھوٹا جزیرہ ہے۔ جزیرہ بدو کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز نے اس کے قدرتی حسن کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ صنعتی فضلہ، پلاسٹک کا کچرا اور اسپتالوں کا فضلہ اس جزیرے پر مسلسل جمع ہو رہا ہے، جو سمندری حیات کے ساتھ مقامی ماحولیاتی نظام کو شدید متاثر کررہا ہے۔
حکومتی سطح پر سمندری آلودگی کم کرنے کے لئے اقدامات کی کمی ہے ایسے میں کراچی کے باشعور شہری اس جزیرے کو آلودگی سے محفوظ کرنے میں سرگرم ہیں۔
تین ہفتوں تک نوجوان قدرتی حسن کو بچانے کی جدودجہد اس جزیرے سے کچرا چن کر کرتے رہے۔اس دوران بدو جزیرے کے دو ہزار مربع گز علاقے کی صفائی کی گئی اور 120 کلوگرام کچرا اٹھایا گیا جبکہ کچرے کا حجم 170 کیوبک فٹ تھا۔
جب کئی تھیلے بھر گئے، تو یہ کچرا ابراہیم حیدری میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے اس امید پر کیا گیا کہ پھر کسی اور ساحل یا سمندر کی زینت نہیں بنے گا۔ یہ صرف صفائی کی نہیں، ذمہ داری کی کہانی ہے۔ ایسی ذمہ داری جو ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔