کراچی (رپورٹ: ایم جے کے) انصاف ہاؤس پر پولیس دھاوے پر مبنی خبر پر کراچی پولیس کا بیان سامنے آگیا، پولیس کا انصاف ہاؤس پر دھاوا کی خبر بے بنیاد اور غلط فہمی پر مبنی ہے، کرایہ داری کے تنازع پر عدالتی بیلف نے انصاف ہاؤس میں قانونی کارروائی کی۔
انصاف ہاؤس کراچی مکان پلاٹ نمبر جی 16 پی ای سی ایچ ایس بلاک 6′ سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے انصاف ہاؤس پر پولیس دھاوے پر مبنی گردش کرنے والی خبر کے حوالے سے کراچی پولیس کا بیان سامنے آگیا، جس میں انہوں نے کہا کہ پولیس کا انصاف ہاؤس پر دھاوے کی خبر بے بنیاد اور غلط فہمی پر مبنی ہے جس کی تردید کی جاتی ہے، اصل واقعہ کے مطابق، سینئر سول جج ساؤتھ کے حکم پر کرایہ داری کے تنازع میں عدالتی بیلف نے انصاف ہاؤس میں قانونی کارروائی کی، انصاف ہاؤس کراچی کے مالک نے 12 سال سے کرایہ نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے 12 سال سے مالک مکان کو کرایہ ادا نہیں کیا معاہدے کے تحت کرائے کی رقم ڈیڑھ کروڑ سے اوپر جا پہنچی ہے، دستاویزات کے مطابق مالک مکان سے معاہدے کے تحت انصاف ہاؤس میں کوئی سیاسی سرگرمی بھی نہیں کی جاسکتی، دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ عارف علوی سمیت دیگر رہنماؤں نے معاہدہ کیا تھا کہ انصاف ہاؤس میں صرف عوامی خدمات کی جائیں گی، انصاف ہاؤس میں سیاسی سرگرمی کرکے بھی عارف علوی، عمران اسماعیل معاہدے سے منحرف ہوئے، مالک مکان کے کیس جیتنے کی صورت میں عارف علوی، عمران اسماعیل اور ضمانتی افراد پر کیس بھی کیا جاسکتا ہے۔
کراچی پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عدالتی حکم کے پیش نظر پولیس کی ایک موبائل صرف بیلف کی سیکیورٹی کے لیے انصاف ہاؤس کے دفتر پر موجود تھی۔