نرمی کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، اجمل خان وزیر

0
34

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کی بھی آزمائش ہے، نرمی کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرونا کیخلاف ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اجمل وزیر نے کہا کہ تاجر برادری اور عوام نے تعاون کیا تو کاروبار پانچ دن تک بھی کھول سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو دکاندار حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد نہیں کرے گا تو اسی وقت انکے کاروبار بند کروائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کورونا کو شکست دینے کے لئے فیصلے کرتے ہیں۔اجمل وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عوام کا تعاون بہت ضروری ہے اور بحیثیت ایک ذمہ دار شہری ہم نے حکومت کا اس وائرس کے خلاف ساتھ دینا ہے۔ صوبے میں ڈاکٹرز و دیگر طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں اور میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے پاک فوج اور پولیس کے نوجوان بھی ہمارے سروں کے تاج ہیں۔ موجودہ وقت امتحان کا ہے اور ہم سب نے بحیثیت ایک قوم اس امتحان کا مقابلہ کرنا ہے۔ موجودہ حالات میں علماء کرام، تاجر برادری اور عوام کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کے بارے میں انہوں کہا کہ مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ موجودہ صورتحال میں غریب لوگوں کی دل کھول کر مدد کریں۔کورونا کی تازہ ترین صورتحال میڈیا کے سامنے رکھتے ہوئے انہوں کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 371 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 4327 ہوگئی ہے۔ جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 12 اموات بھی ریکارڈ ہوئیں جس سے اموات کی کل تعداد 221 ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک دن میں 49 کورونا مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 1033 ہو گئی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں