کراچی: ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے کہا ہے کہ خواتین آج بھی امن و حقوق کی تحاریک نہ صرف چلاتی ہیں بلکہ ان میں مردوں کے ساتھ شانہ بشانہ ہر میدان و محاذ پر اپنا کردار ادا کرتی ہیں لیکن انہیں فروغ و قیام امن کے لیے ہونے والے کاموں میں شامل نہیں کیا جاتا، خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف تو کئی حد تک ان کے لیے آواز اٹھائی جاتی ہے لیکن قیام و فروغ امن کے فیصلہ سازمراحل میں حیثیت نہیں دی جاتی جبکہ معاشرے کی تربیت سمیت فروغ و قیام امن میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں غیر سماجی تنظیم کے نمائندگان سے قیام امن میں خواتین کے کردار کے موضوع پر خواتین اراکین اسمبلی سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین پر مشتمل گروپ کے قیام پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔