کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ معاشی طور پر آسودہ خواتین ہی باقی تمام حقوق واختیارات کے حصول کیلئے بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔ دنیا میں کوئی قومی تحریک اس وقت تک کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی جب تک کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد میں شامل نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پل پل بدلتی دنیا کے اس جدید عہد کے شعور کے مطابق عورت و مرد اقتصادی ترقی میں مساوی حصہ رکھتے ہیں اور زندگی کے تمام امورو معاملات میں برابر کے شریک ہیں۔ گورنریاسین زئی نے واضح کہا کہ قومی ترقی وخوشحالی کے خواب کو خواتین کی معاشی اور معاشرتی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت و شمولیت کو یقینی بنانے سے ہی شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث افتخار ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو نہایت عزت واحترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے اور خواتین پر ہاتھ اُٹھانا ہماری شاندار قومی اقدار کے منافی ہے۔