کراچی: سینئر صحافی بانی ایڈیٹر انچیف روزنامہ نیشنل کورئیر کراچی، سینئر ممبر کراچی پریس کلب، کراچی یونین آف جرنلسٹ، آرٹس کونسل آف پاکستان ابوالحسن عثمانی علالت کے بعد گزشتہ شب انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 61 برس تھی۔ وہ دو ہفتے سے ڈاکٹر ضیاالدین اسپتال نارتھ ناظم آباد کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے۔ ان کی نماز جنازہ اتوار بعد نماز ظہر جامع مسجد، بلاک، اے، نارتھ ناظم آباد میں ادا کی گئی جس کے بعد جسد خاکی کو سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین میں صحافیوں سمیت عزیز و اقارب اور دوست احباب نے شرکت کی۔ مرحوم ابوالحسن عثمانی 35 سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ تھے۔ وہ تقریبا 20 سال تک جنگ گروپ سے وابستہ رہے۔ ان کے انتقال پر سیاسی، سماجی، مذہبی و صحافتی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کا سوئم کل منگل 09 نومبر کو ان کی رہائش گاہ B-17، بلاک B، نارتھ ناظم آباد میں ہو گا۔