کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن رکن کی درخواست پر سیشن جج کی عدالت نے وزیر اعلیٰ بلو چستان جام کمال خان اور سابقہ ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ کے خلاف مقدمہ درج کر نے کا حکم دے دیا۔
ہفتہ کو ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ 1نے جمعیت علماء اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی عبد الواحد صدیقی کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلو چستان جام کمال خان اور سا بق ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ احمد محی الدین کے خلاف سی آر پی سی کی دفع 22A کے تحت دی گئی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو وزیر اعلیٰ جام کمال خان اور سابق ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ احمد محی الدین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ 18 جون کو بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس کی جانب سے بکتر بند گاڑی کی ذریعے بلوچستان اسمبلی کے دروازے کو توڑا گیا تھا جس کی وجہ سے رکن صوبائی اسمبلی عبد الواحد صدیقی زخمی بھی ہوئے تھے اور انہوں نے پولیس کو وزیر اعلیٰ اور سابق ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے رکھی تھی تاہم پولیس کی جانب سے مقدمہ در ج نہ کرنے کی وجہ سے انہوں نے سیشن جج کی عدالت میں سی آر پی سی کی دفع 22A کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے رکھی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ سنایا ہے۔