لاہور: عون چوہدری کے وزیراعلی پنجاب سے متعلق بیان پر ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کا ردعمل میں کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے بارے میں تمام ممبران ببانگ دہل کہتے ہیں کہ وہ سب کو عزت دیتے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے عون چوہدری کو عزت دی اور عون چوہدری اپنے محسنوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے میں مصروف ہیں۔ محسنوں کو دغا دے کے کہیں اور نمبر ٹانگنے کی کوششیں شرمناک ہیں۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عون چوہدری سے استعفی مانگا گیا جو انہوں نے نہ دیا لہذا انہیں ڈی. نوٹیفائی کر دیا گیا۔ عون چوہدری کی تمام تر سیاسی ساکھ کی بنیاد یہی ہے کہ ان کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کچھ تصاویر ہیں اور اس کے علاوہ ان کا کوئی سیاسی تعارف نہیں۔ جو اپنے محسنوں کے نہ ہو سکے وہ اپنی نئی پناہ گاہ کی بھی جڑیں کھوکھلی کریں گے۔