لاہور: وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں 11 جون تک پولیو مہم جاری رہے گی۔ ایک کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو کے قطروں سے بچوں کو اپاہج ہونے سے بچانا ہے۔ آج جی او آر ون کے علاقے شمس قاری میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کے آغاز پر معاون خصوصی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام میں رکاوٹوں کو دور کردیا گیا ہے۔ کورونا کے باعث جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام سست روی کا شکار ہوا۔ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے لیے پارلیمنٹ اور انتظامیہ کے علیحدہ علیحدہ کردار ہیں۔ جنوبی پنجاب کے لیے انتظامی اقدامات کر رہے ہیں۔ نئے صوبے کی قانون سازی کے لئے لیے حکومت کے پاس اکثریت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیاری اور روٹھی اپوزیشن کو جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے ساتھ لے کر چلیں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کی ہے۔وزیراعظم جہانگیر ترین سمیت کسی کو ٹیکنیکل این آر او نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا کارکن شہباز شریف اور مریم نواز کے متضاد بیانیے کی وجہ سے کنفیوژن کا شکار ہے۔کارکنان مسلم لیگ ن ایپ کے سوفٹ ویر کی اپڈیٹ کے منتظر ہیں کہ مریم نواز کا بیانیہ اپ ڈیٹ کرنا ہے یا شہبازشریف کا ۔ظل سبحانی کو پاکستان آ کر چچا اور بھتیجی کا میچ دیکھنا چاہیے۔