کراچی: صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہونے والے کار بم دھماکے میں 20 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا بتانا ہے کہ بارودی مواد سے بھری گاڑی ایک ریسٹورینٹ کے گیٹ پر ٹکرائی جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا اور پھر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں اور تجارتی مراکز کو بھی نقصان پہنچا اور دھماکے کے بعد دھویں کے اونچے بادل دور تک دکھائی دیے۔ صومالیہ کے شدت پسند گروپ الشباب نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔