سکھر: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اعتماد کا ووٹ تسلیم نہیں کرتے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جعلی حکمران آج ہے تو کل نہیں ہوگا۔ اجلاس جعلی وزیر اعظم کی سمری پر بلایا گیا اور یہ سب ڈھونگ ہے جو رچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عدم اعتماد کے بعد پھر سے اعتماد کے ووٹ لینے کی بات کی ہے اور صدر مملکت نے ایوان کا جعلی اجلاس بلایا۔ ہم اعتماد کا ووٹ تسلیم نہیں کرتے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کس منہ سے ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں۔ لچے لفنگوں، بدمعاشوں نے شرفا کی پریس کانفرنس پر حملہ کیا۔ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔ شیشے کے گھر میں رہ کر کسی پر پتھر نہیں پھینکتے، تمہیں گلی کوچوں میں چلنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ ساری رات اراکین کے دروازے کھٹکھٹا کر حاضری لی گئی۔ عمران خان کبھی ریاست مدینہ، چین، امریکہ اور کبھی ایران کے نظام کی بات کرتے ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اسٹیل مل ملازمین نے کونسی کرپشن کی جو انہیں ملازمت سے نکالا گیا ؟ پی آئی اے کے ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے۔