لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا یوم استحصال کشمیر پر پیغام میں کہنا ہے کہ مودی نے 5 اگست 2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑائیں ہیں اور بھارت نے غیر قانونی طور۔پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے انسانی حقوق کو پامال کیا ہے۔ بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر قانونی اقدام کو ہر سطح پرپہلے بھی بے نقاب کیا ہے اورآئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے اور 22 کروڑ پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ بھارت کے زیر تسلط غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاک ڈاؤن کو 2 سال مکمل ہوگئے مگر کشمیریوں کے دکھ کم نہ ہوئے۔ کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر بے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔