اسلام آباد: کچہری میں ایس ایچ او تھانہ رمنا ٹیپو سلطان اور وکلاء آمنے سامنے آگئے۔ وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد پولیس کی طرف سے وکیل پر تشدد اور پولیس گردی کے خلاف وکلاء کا شدید ردعمل آیا جس پر وکلاء نے ضلع کچہری آنے والے ایس ایچ او کو کچہری سے باہر نکال دیا۔
ایس ایچ او ٹیپو سلطان نے بھی لفظی مزاحمت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ہاتھ نہیں لگانا جس پر وکلاء برادری نے موقف اختیار کیا کہ وکلاء کی عزت و تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے ایک وکیل کو عدالت کے احاطے میں چند روز قبل تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس پر وکلا نے ہڑتال کی اور تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
وکلاء نے اپنے مؤقف میں کہنا ہے کہ پولیس کا رویہ جارحانہ اور قانون سے بالاتر ہوتا جا رہا ہے۔
وکلاء برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس میں اصلاحات کرے اور ایسے واقعات میں ملوث اہلکاروں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ وکلا نے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی تک بائیکاٹ و پولیس کو سٹی کورٹ کی عمارت میں داخلے سے روک رکھا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے اسلام آباد پولیس کا ہتک آمیز رویہ شہریوں و پرفشنلز وکلا اور صحافیوں کے خلاف مسلسل بڑھا ہے۔