کے یو جے کی الیکشن کمیٹی کے اعزاز میں تقریب ستائش کا اہتمام، سول سوسائٹی کے ارکان پر مشتمل الیکشن کمیٹی اور رضاکاروں میں تعریفی اسناد کی تقسیم

0
44

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخابات میں الیکشن کمیٹی کے فرائض انجام دینے والے سول سوسائٹی کے ارکان کے اعزاز میں تقریب ستائش کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر الیکشن کمیٹی اور رضاکاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تحت کراچی پریس کلب میں منعقدہ تقریب میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے ارکان نے صحافیوں، مزدوروں اور سول سوسائٹی کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین الیکشن کمیٹی کرامت علی نے کہا کہ آج اداروں میں مزدور یونینز کی تعداد صرف 5 فیصد رہ گئی ہے جس سے مزدور تحریکیں شدید متاثر ہوئی ہیں، مزدوروں کو اپنے حقوق کا علم ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے مالکان ان کا مسلسل استحصال کررہے ہیں۔

نسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کے کو چیئرمین اسد بٹ نے کہا کہ صحافی اور انسانی حقوق کے کارکنوں میں کوئی فرق نہیں ہے، معاشرے میں انسانی حقوق کے لے آواز بلند کرنے میں صحافیوں کا بھی بڑا کردار ہے انہیں اپنے اندر کے اختلافات ختم کرکے معاشرے کے لیے ایک ہونا ہوگا۔

معروف سماجی کارکن مہناز رحمان نے کہا کہ وہ کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جوائنٹ سیکریٹری رہی ہیں اور انہوں نے صحافتی تحریکوں کو قریب سے دیکھا ہے، 80 کی دہائی میں لفیٹ اور رائٹ کی سیاست کے باوجود کسی میڈیا ہاوس یا کسی صحافی کے خلاف کارروائی پر تمام صحافی متحد ہوجاتے تھے آح بھی اسی اتحاد کی ضرورت ہے۔

معروف مزدور رہنما ناصر منصور نے کہا کہ کوئی بھی مزدور تحریک ہو یا ملک میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک صحافیوں کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی، انہوں نے ملک میں میڈیا کو ٹارگٹ کیے جانے کے خلاف ایک مشترکا تحریک شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا فیصل صدیقی نے کہا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے ہر سال باقاعدگی سے انتخابات اس بات کا ثبوت ہیں کہ صحافی جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ تقریب سے زہرہ خان، قاضی خضر، ذوالفقار شاہ اور سعید بلوچ نے بھی خطاب کیا۔

اپنے صدارتی خطاب میں کے یو جے کے صدر شاہد اقبال نے کہا کہ پاکستان میں چین کا ماڈل نہیں چل سکتا، پاکستان ایک جمہوری طریقے سے وجود میں آیا تھا اور جمہوریت میں ہی اس کی بقا ہے موجودہ حکمران ملک میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹنا چاہتے ہیں اور ان کی راہ میں اگر کوئی حائل ہے تو وہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کراچی یونین آف جرنلسٹس ہے ہم انہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

تقریب میں کے یو جے کی نو منتخب مجلس عاملہ کے پہلے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے تحت کرامت علی کو 2023 کے انتخابات کے لیے الیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی پیش کیا گیا، جس کے دیگر ارکان میں اسد بٹ، مہناز رحمان، ناصر منصور اور فیصل صدیقی ہوں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں