کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے گزشتہ دنوں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی اور آگاہی کے حوالے سے “دی اسمال شاپ پروجیکٹ” کے نام سے مہم کا آغاز کیا گیا۔ جس کا انعقاد جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ذیلی ادارے “اپنا انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ” نے کیا تھا۔ آگاہی مہم کا مقصد عوامی سطح پر کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے طریقوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور سماجی فاصلہ کی اہمیت پر زور دینا تھا۔
مہم میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید محمد طارق رفیع نے کورونا وائرس کے حوالے سے عوامی شعور کی اہمیت اور مہم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے طریقوں کو عوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اہم کاوش ہے جس سے عوام میں عالمی وبا سے محفوظ رہنے کا شعور اجاگر ہوگا۔ اس موقع پر آگاہی مہم کی ڈائریکٹرز، اے آئی پی ایچ کی سربراہ پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ، سٹوڈنٹ کونسل کی سربراہ پروفیسر غزالہ عثمان، اے آئی پی ایچ کی ڈاکٹر لبنیٰ شیخ اور ڈاکٹر حرا طارق بھی موجود تھیں۔
کورونا وائرس سے آگاہی کی اس مہم میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء نے رضاکارانہ طور پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور کورونا وائرس کی علامات سر درد بخار اور سانس لینے میں تکلیف کے حوالے سے لوگوں کو شعور دیا- طلبہ نے مختلف گروپس میں تقسیم ہو کر عوام کورونا کے حوالے سے آگاہ کی۔ا اس موقع پر انہوں نے مفت ماسک بھی تقسیم کئے اور چھوٹی دکانوں، ڈسپنسریز اور ہوٹلوں میں سماجی رابطے کو کم کرنے اور بار بار ہاتھ دھونے کی اہمیت پر مبنی پوسٹرز اور اسٹیکرز تقسیم کیے گئے۔