کراچی: آئی جی سندھ نے یوم دفاع کے موقع پر سندھ بھر میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے خطرے کے پیش نظر پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
آئی جی سندھ نے تمام رینج، زونل، ڈی آئی جیز و ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز وایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ ماہ ستمبر کے اوائل میں بالخصوص 4 تا 7 ستمبر کے دوران علیحدگی پسند جماعتوں میں موجود شرپسند عناصر پاکستان بھر میں خصوصا صوبہ سندھ کے اندرونی علاقوں میں دیسی ساختہ ہینڈ کریکرز، گرنیڈ دھماکوں سے صوبے میں بدامنی وخوف کی فضاء پھیلانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
اسلئے تمام افسران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اپنے زیر انتظام حدود میں موجود ریلوے اسٹیشنز/ بجلی وگیس کی تنصیبات کے مراکز ریلوے لائنز، بس ٹرمنلز، بس اسٹینڈز، بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز، مارکیٹیں بشمول اجناس، پھلوں کی منڈیوں اور دیگر رش والی جگہوں پر سیکیورٹی کو فعال کیا جائے اور پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔ عوام کے قیمتی جان ومال اور سرکاری املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ ڈیوٹی کی تبدیلی کے اوقات میں کسی بھی صورت میں ڈیوٹی پوائنٹ کو خالی نہ چھوڑا جائے بلکہ ڈیوٹی کی تبدیلی کو بروقت یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی قریبی رابطہ رکھا جائے۔