کراچی: اسلام اباد کے ایئرپورٹ مینجر و چیف اپریٹنگ افیسر افتاب علی شاہ گیلانی کے 10 جولائی کو جاری کردہ نوٹیفکیشن جس کے مطابق تمام ایر لائنوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ مسافروں کی بکنگ کرتے وقت مسافر سے پولیو ویکسینیشن کارڈ ضرور دیکھیں کیونکہ مسافر کو ایئرپورٹ پر ویکسینیشن کارڈ مہیا نہیں کیا جائے گا۔
مذکورہ نوٹیفکیشن سے تمام ایئر لائنوں میں ابہام اور تشویش پائی جا رہی ہے۔ اس نوٹیفکیشن سے یہ ظاہر ہو رہا تھا کہ تمام ایر لائنوں کو پولیو ویکسینیشن کارڈ جمع کروانا ضروری ہوگا۔ جبکہ حقیقت میں صرف دو یا تین ممالک میں داخلے کے وقت پولیو ویکسینیشن کارڈ کی ضرورت ہوتی ہے نہ کہ تمام ممالک کے لیے۔ بیشتر مسافر جو ان ممالک کے لیے سفر کر رہے ہوتے ہیں جہاں آمد پر پولیو ویکسینیشن کارڈ لازمی ہوتا ہے وہ اپنے ہمراہ کارڈ لاتے ہیں ماسوائے اکا دکا مسافر جو اپنے ساتھ پولیو ویکسینیشن کارڈ نہیں لاتے ہیں ان کو پی سی اے اے فیسیلیٹیشن کاؤنٹر کارڈ فراہم کرتا رہا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان پاکستان سول ایویشن اتھارٹی سیف اللہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ معاملے کو دیکھا جا رہا ہے اور ڈائریکٹر جنرل نے اس نوٹیفکیشن کو منسوخ کر دیا ہے۔
تازہ ڈیولپمنٹ کے مطابق اسلام اباد ایئرپورٹ مینجر افتاب علی شاہ گیلانی نے اپنے پہلے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنے کا دوسرا نوٹیفکیشن بدھ کی شام دوبارہ جاری کر دیا۔