کے یو جے کا سالانہ اجلاس عام 6 جنوری، انتخابات 28 جنوری کو ہوں گے

0
258

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس کا سالانہ اجلاس عام جمعہ 6 جنوری کو اسکاؤٹ ہیڈکوارٹر کے آڈیٹوریم میں ہوگا جبکہ سالانہ انتخابات 28 جنوری کو کراچی پریس کلب میں ہوں گے۔

اس بات کا فیصلہ کراچی یونین آف جرنلسٹس کی مجلس عاملہ کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں کے یو جے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ اور مالیاتی رپورٹ کی بھی منظوری دی گئی جو اب جنرل کونسل میں پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں طے پایا کہ جنگ گروپ سمیت مختلف میڈیا ہاؤسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی، تاخیر سے ادائیگی اور 2017 اور 2018 میں تنخواہوں میں کی گئی کٹوتیاں واپس نہ کرنے کے معاملات 6 جنوری کو ہونے والے جنرل کونسل اجلاس میں رکھے جائیں گے اور پھر اس سپریم فورم میں جو بھی فیصلہ ہوگا۔ اس کے مطابق ایسے میڈیا ہاؤسز کیخلاف بھرپور احتجاجی مہم چلائی جائے گی۔

اجلاس میں طے پایا کہ 28 جنوری کو سالانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیٹی کی مکمل معاونت کی جائے گی اور اس سلسلے میں الیکشن کمیٹی سے درخواست کی جائے گی وہ مقررہ تاریخ پر الیکشن کے انعقاد کیلئے آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے تحت الیکشن شیڈول جاری کریں۔

الیکشن کمیٹی مجلس عاملہ کے پہلے اجلاس میں ہی سینئر مزدور رہنما کرامت علی کی سربراہی میں قائم کردی گئی تھی، کے یو جے کی حتمی ووٹر لسٹ پی ایف یو جے کو بھیجی جاچکی ہے جو سیکریٹری جنرل آئین کے تحت 5 جنوری تک الیکشن کمیٹی کو بھیجنے کے پابند ہیں۔

کے یو جے نے اپنے تمام ارکان سے درخواست کی ہے کہ وہ 6 جنوری کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں جنرل کونسل میں شریک ہوں اور اسی طرح 28 جنوری کو سالانہ انتخابات کے موقع پر اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں