کراچی: پاکستان باکسنگ کونسل کے صدر سابق اولمپئین باکسر عبد الرشید بلوچ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں باکسنگ کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے اولمپئین باکسر رشید قنبرانی کو اسٹیل مل کے گیٹ پر تعینات کرکے ٹریفک کی روانی دیکھنے اور سیلوٹ مارنے کے لیے کھڑا کرنا دلی دکھ اور رنج کی بات ہے۔ پاکستان کا وہ ہیرو جو ایشین میڈلسٹ اور کئی ممالک میں پاکستان کے لئے تمغے جیتنے اور 12 سال تک نیشنل چیمپین رہے اسے گیٹ پر بطور گارڈ تعینات کرنے کے عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
اپنے جاری بیان میں عبدالرشید بلوچ نے کہا ہے کہ اولمپئین رشید قنبرانی ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، حکومت کی جانب سے بجائے انہیں چوکیداری کے بجائے کسی ڈپارٹمنٹ میں باکسنگ کوچنگ یا پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داری دی جائے وہ ایک بہترین کوچ ثابت ہوں گے، انہیں ذلیل وخوار نہ کیا جائے۔ وہ رشید قنبرانی جسے میڈلز پہنانے والے بھی فخر کرتے تھے آج وہ جھک کر آنے جانے والوں کو سیلوٹ مار رہا ہے۔ جو ہمارے باکسنگ کے اس عظیم ہیرو کی تزلیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری پروفیشنل باکسر برادری سراپا احتجاج ہے اور وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ایک اسپورٹس مین ہیں اور رشید۔قنبرانی وہ مقام اور عزت دی جائے جس کے وہ مستحق ہیں۔ پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ متعارف کرانے کا مقصد ہی یہی تھا کہ لوگ اپنی زندگی بنا سکیں پروفیشنل باکسنگ دنیا کے مہنگے ترین کھیلوں میں شمار ہوتا ہے مگر اس لیول تک اس رینگنگ تک پہچنے کے لیے ہمارے باکسرز کو زیادہ سے زیادہ مقابلوں میں حصہ لینے کی ضرورت ہے پی بی سی اپنی مدد آپ یہ سب مقابلے کروا رہی ہے۔