کراچی: محکمہ پولیس کی جانب سے خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کو تضویض کردہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لئے بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ خواتین پولیس افسران و اہلکار محکمے کے مختلف شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے سرانجام دے رہی ہیں۔
کراچی پولیس کےمختلف شعبہ جات میں تعینات خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کا کردار مثالی ہے۔ کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے خواتین پولیس افسران و اہلکار پوری ایمانداری سے مردوں کے شانہ بشانہ اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہی ہیں۔ کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کےلئے کراچی پولیس کے افسران و جوانوں کو احتیاطی تدابیر کیساتھ ساتھ سماجی تنظیموں کے تعاون سے حفاظتی کٹس فراہم کی جارہی ہیں۔
سندھ کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن حکومت سندھ کی چیئر پرسن نزہت شیرین کی جانب سے خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے مکمل حفاظتی کٹس دیں گئیں۔ ایڈ شنل آئی جی کراچی کی ہدایت پر کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ حفاظتی کٹس سوٹس سمیت دیگر سامان ویمن پولیس اسٹیشن، ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل اور ویمن جیل کے اسٹاف کو دی جائیں گی۔
ایڈشنل آئی جی کراچی پولیس غلام نبی میمن نے کمیشن کی جانب سے حفاظتی کٹس فراہم کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ایڈمن امین یوسفزئی ڈی آئی جی سینٹرل جیل فار ویمن اینڈ کریکشنل فیسیلٹی کراچی شیبا شاہ، کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ زونز کی ویمن پروٹیکشن سیلز کی خواتین پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔