کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم مئی پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے محنت کشوں کو یونین سازی کا حق دیا اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ہمشہ محنت کشوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سرکاری صنعتی اداروں میں محنت کشوں کو حصہ دار بنایا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے محنت کشوں کیلئے بینظیر ایمپلائیز اسٹاک اسکیم شروع کی اور موجودہ حکومت نے بینظیر ایمپلائیز اسٹاک اسکیم کے 25 ارب روپے چوری کیئے ہیں۔ حکومت اسٹیل مل، پی آئی اے اور ریلوے کے ملازمین کا معاشی استحصال کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر محنت کشوں سے کی جانے والی ناانصافی کا ازالہ کریگی۔