کراچی: پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین نے نیشنل ہائی وے پر 8 گھنٹے طویل دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک معطل رہی۔ دھرنے کے دوران ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
دھرنے کی قیادت اور حکومت کے درمیان فون پر مذاکرات ہوئے، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے آغا رفی اللہ، حکیم بلوچ، میئر کراچی، ڈپٹی میئر کراچی اور دیگر رہنماؤں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ملازمین کے مسائل حل کرے گی۔ اس دوران فیصلہ کیا گیا کہ پیر کے روز ملازمین کی مذاکراتی کمیٹی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت کی اس یقین دہانی کے بعد دھرنے کو پیر تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ مذاکرات کے نتائج کا انتظار کریں گے اور اس کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔